اپوزیشن کا رویہ غیر شائستہ ہوا تو جواب دینا آتا ہے: عظمیٰ بخاری

09:11 PM, 21 Jun, 2025

لاہور:  پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن اسمبلی میں غیر مہذب رویہ اختیار کرے گی تو حکومت کی جانب سے جواب بھی اسی انداز میں دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی اقدار کا احترام سب کی ذمہ داری ہے، لیکن برداشت کی ایک حد ہوتی ہے۔

پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کئی برس بعد انہیں بجٹ پر اظہارِ خیال کا موقع ملا ہے، اور رواں مالی سال کے بجٹ میں 800 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے تحت "کلینک آن وہیلز" پروگرام کے ذریعے گزشتہ ایک سال میں 92 لاکھ سے زائد شہریوں کو علاج کی سہولتیں فراہم کی گئیں، جبکہ حالیہ عرصے میں نئے اسپتال بھی قائم کیے گئے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتظامی نظام میں بہتری لاتے ہوئے ان عناصر کے خلاف کارروائی کی ہے جو بلاوجہ تنخواہیں وصول کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا ترقیاتی وژن غیرجانبدار ہے، جس کے تحت سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تعلیم اور دیگر شعبوں میں میرٹ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے شہروں کو ترجیح دی جبکہ موجودہ حکومت دیہی علاقوں کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ "ہم بہتری چاہتے ہیں، لیکن بدکلامی اور الزام تراشی کو برداشت نہیں کریں گے، اور جو زبان استعمال کی جائے گی، اسی لہجے میں جواب دیا جائے گا۔"

جنوبی پنجاب کے حوالے سے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت جو ماضی میں اقتدار میں رہی اور جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کا دعویٰ کرتی رہی، آج ہم سے سوالات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت نے تونسہ کے لیے "کھچی کینال"، مظفرگڑھ میں جھینگا مچھلی کی فارمنگ، اور لیہ میں پہلا میڈیکل کالج قائم کرنے کے منصوبے شروع کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہر ہفتے متعدد اجلاس ہوتے ہیں، اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 
 

مزیدخبریں