برطانیہ میں ’باوقار موت‘ کا اختیار، دارالعوام نے متنازع بل منظور کر لیا

11:51 AM, 21 Jun, 2025

لندن:کیا انسان کو اپنی زندگی ختم کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے؟ برطانیہ میں اس سوال نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے کیونکہ برطانوی دارالعوام نے ’مرضی سے موت‘ (Assisted Dying Bill) کو اکثریتی ووٹوں سے منظور کر لیا ہے۔

یہ بل ایسے مریضوں کو اپنی زندگی باعزت طریقے سے ختم کرنے کی اجازت دیتا ہے جو ناقابلِ علاج بیماری کا شکار ہیں اور جن کی زندگی چھ ماہ سے کم رہ گئی ہو۔ شرط یہ ہے کہ مریض کا ذہنی توازن درست ہو اور فیصلہ دباؤ سے پاک ہو۔

درخواست کی منظوری کے لیے پانچ رکنی پینل تشکیل دیا جائے گا جس میں ڈاکٹر، ماہر نفسیات، قانونی ماہر اور سماجی کارکن شامل ہوں گے۔ طبی عمل کے تحت مخصوص ادویات کے ذریعے مریض کو "پرامن موت" دی جائے گی۔

بل کے حامی اسے انسانی وقار اور انتخاب کا حق قرار دے رہے ہیں، جبکہ مخالفین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ اقدام کمزور اور بزرگ افراد کو دباؤ کا شکار کر سکتا ہے۔

یہ بل لیبر رکن کم لیڈ بیٹر کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے حمایت کی، جب کہ بعض سینئر وزراء نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

مزیدخبریں