وزیراعظم شہباز شریف نے اے آئی پر مبنی پرائم منسٹر آفس سسٹم کا افتتاح کر دیا

08:25 PM, 21 Jul, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی امور کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والے پرائم منسٹر آفس سسٹم (PMOS) کا افتتاح کر دیا۔ اس نظام کا مقصد فیصلہ سازی، ہدایات پر عملدرآمد اور سرکاری امور کی نگرانی کو مؤثر، تیز اور شفاف بنانا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ نئے ڈیجیٹل نظام کو بلا تاخیر نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب روایتی کاغذی فائلوں پر انحصار ختم کرکے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حکومتی معاملات چلائے جائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ PMOS ایک جدید اور مربوط پلیٹ فارم ہے، جس کے ذریعے وزیراعظم کی جانب سے جاری ہونے والی ہر ہدایت کا اندراج، متعلقہ اداروں تک ترسیل، عملدرآمد کی رفتار اور اس کی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھی جا سکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نظام سے حکومتی کارکردگی میں شفافیت، جوابدہی اور تیزی آئے گی۔

انہوں نے سرکاری افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے بعد وہ کسی بھی افسر کو اجلاس میں کاغذی فائل کے ساتھ نہیں دیکھنا چاہتے، کیونکہ تمام سرکاری امور اور فیصلے اسی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے نمٹائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ اور آئی ٹی ڈویژن کی ٹیم، بالخصوص سیکریٹری آئی ٹی، کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس جدید نظام کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں پر زور دیا کہ وہ اس پلیٹ فارم کو اپنی روزمرہ کی دفتری کارروائی کا حصہ بنائیں تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنائی جا سکے۔

تقریب کے دوران وزیراعظم کو PMOS کی مختلف خصوصیات، اہداف اور تکنیکی صلاحیتوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ پاکستان کا پہلا ایسا سرکاری نظام ہے جس میں مصنوعی ذہانت کو حکومتی فیصلوں، پالیسیوں پر عملدرآمد اور کارکردگی کی نگرانی کے لیے بنیادی حیثیت دی گئی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس پلیٹ فارم کو اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچ سکیں، ان پر مقررہ معیار کے مطابق بروقت عملدرآمد ہو اور ہر مرحلے کی نگرانی بھی ممکن ہو۔

حکام کے مطابق یہ نظام محفوظ ڈیجیٹل ماحول میں جدید تجزیاتی معلومات اور مربوط ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلہ سازی میں معاونت فراہم کرے گا، جبکہ حکومت کو اپنی پالیسیوں کا بروقت جائزہ لینے اور ضرورت کے مطابق تبدیلیاں کرنے میں بھی مدد دے گا۔

مزید بتایا گیا کہ PMOS انسانی وسائل، مالی وسائل اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنا کر حکومتی کارکردگی اور معاشی نتائج کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

بریفنگ کے مطابق حکومت نے اس جدید اصلاحاتی نظام کا آغاز وزیراعظم آفس سے کیا ہے، جسے بعد ازاں مرحلہ وار دیگر وفاقی اداروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔ اس پلیٹ فارم میں وزیراعظم کی ہر ہدایت اور اس پر ہونے والی پیش رفت کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ رہے گا، جو مستقبل میں حکومتی فیصلوں کے لیے ایک مستقل ادارہ جاتی حوالہ بھی بنے گا۔

مزیدخبریں