لاہور: پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جبکہ کئی شاہراہوں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔
خیبرپختونخوا میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں آنے والی سیلابی ریلوں اور مختلف مقامات پر چھتیں گرنے کے واقعات میں 12 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق بارشوں اور سیلابی پانی سے 14 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ شہریوں کو محتاط رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سیلابی ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔