"سر، میں بک گیا" — ملازم کا سچ پر مبنی استعفیٰ وائرل

02:35 PM, 21 Jul, 2025

ممبئی : سوشل میڈیا پر ایک آفس ملازم کا ایسا سیدھا سادہ استعفیٰ وائرل ہو گیا ہے جس نے لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کر دیا اور ساتھ ہی سچ بولنے کی ہمت کی داد بھی دلائی۔

یہ دلچسپ واقعہ ممبئی کی ایک کمپنی "ہنگلش" سے جڑا ہے، جہاں کے سی ای او شُبھم گنے نے لنکڈ اِن پر ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا۔ اس میں ایک ملازم دَیتوا شاہ نے اپنی نوکری چھوڑنے کی وجہ صرف ایک لائن میں بیان کی: "ہائے سر، میں بک گیا، سامنے والی کمپنی چار پیسے زیادہ دے رہی ہے۔"

شُبھم نے اس ایماندار استعفیٰ کو مزاحیہ انداز میں شیئر کیا، اور لکھا کہ شاید یہ سب سے سچّا استعفیٰ ہے جو انہوں نے کبھی دیکھا ہو۔ ان کا یہ پوسٹ فوراً وائرل ہو گیا۔

صارفین نے بھی اس پر خوب تبصرے کیے۔ کسی نے کہا، "یہ ہر ملازم کی اندر کی آواز ہے"، تو کسی نے لکھا، "ایسا سچ کم لوگ بولتے ہیں"۔ ایک صارف نے مذاق میں منیجر کی طرف سے جواب لکھا: "ٹھیک ہے، اُدھر کوئی ویکنسی ہو تو بتانا!"

مزیدخبریں