کیلیفورنیا : اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے پہلی بار اپنی کسی سیریز میں جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) یعنی تخلیقی مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا ہے۔ یہ نیا تجربہ ارجنٹائن کی سائنس فکشن سیریز "اِل اٹرنوئتا" میں کیا گیا، جس میں ایک عمارت کے گرنے کا منظر AI کی مدد سے بنایا گیا ہے۔
نیٹ فلکس کے شریک سی ای او ٹیڈ سارینڈوس کا کہنا ہے کہ یہ منظر نہ صرف روایتی طریقوں سے بہتر کوالٹی میں تیار ہوا بلکہ کم وقت اور کم خرچ میں مکمل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کا مقصد وی ایف ایکس ماہرین کی جگہ لینا نہیں بلکہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید بڑھانا ہے۔
نیٹ فلکس کے اندرونی اسٹوڈیو "آئی لائن" کے مطابق وہ AI کو ایک تخلیقی ساتھی کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، نہ کہ انسانوں کا متبادل سمجھتے ہیں۔
یاد رہے کہ نیٹ فلکس پہلے ہی کئی جگہوں پر AI سے فائدہ اٹھا رہا ہے، جیسے صارفین کو ان کی پسند کے مطابق فلمیں تجویز کرنا، آواز سے فلمیں تلاش کرنا، اور خودکار انداز میں اشتہارات بنانا۔
سیریز "اِل اٹرنوئتا" ایک مشہور گرافک ناول پر مبنی ہے، جسے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے، اور اسے نیٹ فلکس پر سائنس فکشن تھرلر کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جہاں ویژوئل ایفیکٹس کے ذریعے دنیا کے خاتمے جیسے مناظر دکھائے گئے ہیں۔