پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع، کئی علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان

11:12 AM, 21 Jul, 2025

لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا دور آج سے شروع ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں اور دیہاتوں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات اور پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ یہ بارشیں 25 جولائی تک جاری رہیں گی اور پچھلے بارشوں کی نسبت زیادہ شدید ہوں گی۔

پی ڈی ایم اے نے خاص طور پر راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ علاوہ ازیں لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ جنوبی پنجاب کے علاقوں جیسے ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ملتان میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ خاص طور پر دریائے راوی، جہلم، ستلج اور چناب میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دریائے سندھ میں بھی بعض مقامات پر درمیانے درجے کے سیلاب جاری ہیں۔

محکمہ موسمیات نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ متعلقہ علاقوں میں الرٹ رہیں اور دفعہ 144 پر سختی سے عمل کریں۔ نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو فوری یقینی بنایا جائے تاکہ سیلاب سے بچا جا سکے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور سیلابی علاقوں سے دور رہیں۔

مزیدخبریں