اسلام آباد: ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ٹیلی فون پر بات کی اور پاکستان میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
سکندر مومنی نے سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
دوران گفتگو، ایرانی وزیر داخلہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے 26 جولائی کو متوقع دورہ پاکستان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ایک اہم موقع قرار دیا۔
سکندر مومنی نے محسن نقوی کے حالیہ دورہ ایران کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں مزید بہتری لانے کا مظہر ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی قیادت کے خیرسگالی کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے اسلام آباد کے دورے کا بے تابی سے انتظار ہے۔