پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ کا آغاز

09:36 AM, 21 Jul, 2025

لاہور :ـ پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر ہونے والے انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہو گیا، جو کہ شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ اس نشست پر 4 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں مسلم لیگ ن، پی ٹی آئی اور دو آزاد امیدوار شامل ہیں۔

مسلم لیگ ن نے اپنے پولنگ ایجنٹ کے طور پر چیف وہپ رانا ارشد کو مقرر کیا ہے، جبکہ اپوزیشن کی طرف سے رانا شہباز پولنگ ایجنٹ کے فرائض انجام دیں گے۔ امیدواروں میں مسلم لیگ ن کے حافظ عبدالکریم، پی ٹی آئی کے مہر عبدالستار، اور آزاد امیدوار خدیجہ صدیقی اور اعجاز منہاس شامل ہیں۔

کامیابی کے لیے 185 ووٹ درکار ہیں۔ حکومتی امیدوار کو 261 ووٹوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ اپوزیشن کے پاس 108 ووٹ ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں کل 371 نشستیں ہیں، جن میں سے دو خالی ہیں، اور پولنگ کے لیے کل 369 ووٹ موجود ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے 229 ووٹ ہیں، پیپلز پارٹی کے 16، مسلم لیگ ق کے 11 ووٹ ہیں، اور مسلم لیگ ضیاء کا ایک ووٹ ہے۔ پی ٹی آئی کے پاس 27 ووٹ ہیں، سنی اتحاد کونسل کے 76 ووٹ ہیں، تحریک لبیک پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین کا ایک ایک ووٹ ہے، اور استحکام پاکستان پارٹی کے 7 ووٹ ہیں۔ پولنگ کا عمل جاری ہے اور نتائج کے لیے ہر طرف نظر رکھی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں