لاہور: ملک کے نامور شاعر سید سلمان گیلانی طویل علالت کے بعد آج دنیا سے رخصت ہو گئے۔ اہل خانہ کے مطابق وہ شیخ زید اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کا انتقال ہوا۔
اہل خانہ نے بتایا کہ مرحوم کی عمر 74 سال تھی اور وہ دل اور جگر کے مختلف امراض میں مبتلا تھے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے شاعر کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ سید سلمان گیلانی ایک بلند مرتبہ شاعر، باصلاحیت نعت خواں اور نثر نگار تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کے نعتیہ کلام سے لاکھوں افراد مستفید ہوئے اور وہ ہمارے خاندان کے ایک قریبی رکن کی حیثیت رکھتے تھے۔