بنوں : مادرِ وطن کے دو بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر بنوں شہر کو ہولناک تباہی سے بچا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خودکش حملے کو ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، تاہم اس شدید مقابلے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔
بھارتی پراکسی 'فتنہ الخوارج' نے بارود سے بھری خودکش گاڑی کے ذریعے بنوں شہر میں خونریزی کا منصوبہ بنایا تھا ۔ آئی ایس پی آر نے سخت پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہِ صیام کے مقدس ایام میں بھی خوارج افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ افغان طالبان حکومت دہشت گردوں کو لگام ڈالنے میں مسلسل ناکام ہو رہی ہے، جو خطے کے امن کے لیے بڑا سوالیہ نشان ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت آپریشنز جاری رہیں گے۔ پاکستان کی سلامتی پر حملہ کرنے والے خوارج کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
بنوں میں خودکش حملہ ناکام، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید، 5 دہشت گرد ڈھیر
02:58 PM, 21 Feb, 2026