کراچی میں ٹرانسپورٹ انقلاب: نئی بسوں کی آمد کا اعلان، ریڈ لائن بی آر ٹی کے کام میں تیزی لانے کا حکم

12:45 PM, 21 Feb, 2026

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلیٰ سطح اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں جاری بی آر ٹی منصوبوں کے ساتھ ساتھ مزید نئی بسیں بھی سڑکوں پر لائی جائیں گی۔شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا لیکن اسے مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کے لیے رفتار مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔
سینئر وزیر نے سینیٹر تاج حیدر پل کے دوسرے حصے پر کام کے فوری آغاز کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ تعمیراتی کاموں کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے، وزیر موصوف نے متبادل ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی تاکہ کراچی کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ نئی بسوں کی شمولیت اور بی آر ٹی منصوبوں کی تکمیل سے کراچی کے شہریوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ سندھ حکومت کا ہدف کراچی کو ایک ایسا ٹرانسپورٹ ماڈل دینا ہے جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو۔

مزیدخبریں