پاکستان نے شاندار کارکردگی سے انڈر 19 ایشیا کپ اپنے نام کر لیا، بھارت کو 191 رنز سے شکست

04:48 PM, 21 Dec, 2025

دبئی :پاکستان نے دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل میں پاکستان کی شاندار بیٹنگ اور بالنگ نے بھارتی ٹیم کو تہس نہس کر دیا، جس کے بعد 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم صرف 156 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

اوپنر سمیر منہاس نے 113 گیندوں پر 172 رنز کی یادگار اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ احمد حسین نے 56 اور عثمان خان نے 35 رنز بنائے، جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 19 رنز کا حصہ ڈالا۔ بھارت کی جانب سے دپیش دیوندرن نے تین، ہینل پٹیل اور کھلن پٹیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کنیشنک چوہان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت کی پہلی وکٹ 31 رنز پر گری، جس کے بعد مسلسل وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ پاکستان کی سیمی فائنل میں بھی شاندار کارکردگی دیکھنے کو ملی تھی، جہاں اس نے دفاعی چیمپئن بنگلا دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ بھارت نے سری لنکا کو سیمی فائنل میں ہرایا تھا۔

پاکستان کی یہ پہلی انڈر 19 ایشیا کپ جیت ہے، حالانکہ 2012 میں یہ ٹائٹل پاکستان اور بھارت نے مشترکہ طور پر جیتا تھا۔ پاکستان نے دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ بھی اپنے نام کیا ہے، اور اس فتح کے بعد نوجوان کھلاڑیوں نے ٹیم کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں