وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ماریشس کے ہائی کمشنر سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت

12:33 PM, 21 Dec, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ماریشس کے ہائی کمشنر ایچ ای منسو کرمباکس سے لاہور میں ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مریم نواز شریف نے ماریشس کے ہائی کمشنر کا خوش آمدید کہا اور ملاقات کے دوران تجارت، سیاحت، زراعت، اور تعلیم جیسے شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات کی۔ انہوں نے بزنس ٹو بزنس روابط اور تجارتی وفود کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے ماریشس کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور خاص طور پر حلال فوڈ، ٹیکنالوجی، اور ہیومن ریسورس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے بلیو اکانومی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل تعاون فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ مزید برآں، مریم نواز نے ماریشس کے لئے چاول، ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے عزم ظاہر کیا۔

ملاقات میں مریم نواز شریف نے پنجاب کے سیاحت کے شعبے میں ماریشس کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ماریشس کے تعاون سے سیاحتی شعبے میں مزید ترقی کی جائے گی۔ انہوں نے منشیات کے خلاف ماریشس کی کوششوں اور نوجوانوں کی ترقی کے حوالے سے بھی تعریف کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ماریشس کے درمیان ثقافتی تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں ممالک میں تجارت کے لیے بہت امکانات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے، اور حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب میں کلائمیٹ ریزیلنٹ ویژن ایکشن پلان کے تحت ماحولیاتی تحفظ، جنگلات کے تحفظ، اور سبز توانائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے پنجاب کے سیاحت کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی بھی بات کی۔

ماریشس کے ہائی کمشنر منسو کرمباکس نے اس ملاقات کے دوران کہا کہ وہ سیاحتی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے لانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزیدخبریں