غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں، اسرائیلی فضائی حملوں میں مزید فلسطینی شہید

04:55 PM, 21 Dec, 2025

غزہ : غزہ میں اسرائیل کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں، اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائی حملوں میں 10 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

فلسطینی خبر ایجنسی کے مطابق، جنوبی غزہ کے خان یونس علاقے میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 4 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ غزہ شہر میں بے گھر فلسطینیوں کے تربیتی مرکز پر ہونے والے حملے میں 6 فلسطینی اپنی جان سے گئے۔ 10 اکتوبر کے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اب تک 400 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق، غزہ میں 16 ہزار سے زائد مریض بیرون ملک علاج کے منتظر ہیں، جبکہ ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز کی تنظیم کا کہنا ہے کہ اصل تعداد اس سے تین سے چار گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے یہ بھی بتایا کہ جولائی 2024 سے اب تک 1 ہزار سے زائد مریضوں کی بروقت علاج نہ ملنے کے باعث موت ہو چکی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس نے کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 10 ہزار 600 سے زائد شدید بیمار مریضوں کو غزہ سے نکالا گیا ہے، جن میں 5 ہزار 600 سے زائد بچے شامل ہیں۔ تاہم، ہزاروں مریض اب بھی بیرون ملک علاج کے منتظر ہیں۔

دوسری طرف، ترکی کی انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ابراہیم قالن نے استنبول میں حماس کے وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت حماس کے رہنما خلیل الحیہ کر رہے تھے۔ ترک حکام کے مطابق، اس ملاقات میں غزہ کے جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے اقدامات اور اسرائیلی فوج کی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

مزیدخبریں