معروف شاعر حفیظ جالندھری کی 43ویں برسی منائی جا رہی ہے

01:48 PM, 21 Dec, 2025

لاہور : آج پاکستان کے معروف شاعر حفیظ جالندھری کی 43ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ حفیظ جالندھری کو اسلامی اور قومی روایات کو زندہ کرنے پر ’’فردوسی اسلام‘‘ کا خطاب ملا تھا، اور ان کی سب سے بڑی تخلیق ’’شاہنامہ اسلام‘‘ ہے۔ ان کا اصل نام محمد حفیظ تھا، اور وہ حفیظ جالندھری کے نام سے مشہور ہوئے۔

پاکستان کے قیام کے بعد، حفیظ جالندھری لاہور منتقل ہوئے اور وہاں انہوں نے پاک فوج میں ڈی جی مورال، صدر پاکستان کے چیف ایڈوائزر اور رائٹرز گلڈ کے ڈائریکٹر جیسے اہم عہدوں پر کام کیا۔

حفیظ جالندھری کا سب سے بڑا کارنامہ ’’شاہنامہ اسلام‘‘ لکھنا اور پاکستان کا قومی ترانہ تخلیق کرنا ہے، جو آج بھی ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے۔ اگرچہ وہ خود کو غزل گو شاعر کہتے تھے، لیکن ان کی سادہ مگر دل کو چھو جانے والی زبان میں لکھے گئے گیت اور نغمے بھی بے حد مشہور ہوئے۔

ان کے شعری مجموعوں میں ’’نغمہ زار‘‘، ’’تلخابہ شیریں‘‘ اور ’’سوزو ساز‘‘ شامل ہیں، جبکہ ’’ہفت پیکر‘‘ ان کے افسانوں کا مجموعہ ہے۔ ’’ہندوستان ہمارا‘‘ اور ’’پھول مالی‘‘ ان کے گیتوں کے مجموعے ہیں۔ ان کی تخلیقات میں بچوں کے لیے ’’چیونٹی نامہ‘‘ بھی شامل ہے۔

حفیظ جالندھری 21 دسمبر 1982ء کو لاہور میں وفات پا گئے اور انہیں مینارِ پاکستان کے قریب دفن کیا گیا۔ آج بھی ان کی شاعری اور تخلیقات ہمارے لیے ایک رہنمائی کا ذریعہ ہیں اور قومی یکجہتی کے پیغام کو زندہ رکھتی ہیں۔

مزیدخبریں