لاہور : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ دونوں وزیروں نے امیگریشن کاؤنٹرز پر جا کر بیرون ملک جانے والے مسافروں سے بات کی اور ان سے امیگریشن کے عمل کے بارے میں معلومات حاصل کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کے اہلکار کو ان کی اچھی کارکردگی پر سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ایک مسافر نے چیکنگ میں تاخیر کی وجہ سے اپنی پرواز کی بورڈنگ بند ہونے کی شکایت کی، جس پر محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کویت جانے والے مسافر کی بورڈنگ فوراً کرائی جائے۔
مسافروں نے وزیروں کو بتایا کہ اب امیگریشن کا عمل کافی تیز ہو چکا ہے اور چند منٹوں میں مکمل ہو رہا ہے۔
محسن نقوی نے مسافروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستان کی عزت اور آپ کی سہولت ہماری سب سے بڑی ترجیح ہے، اور کسی بھی مسافر کو بلاوجہ سفر سے نہیں روکا جائے گا۔ تاہم، پیشہ ور بھکاری یا نامکمل دستاویزات والے افراد کو سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی، کیونکہ ایسے افراد پاکستان کی بدنامی کا سبب بنتے ہیں، اور ان کا جگہ جیل ہے۔"