لاہور: گورنر ہاؤس لاہور میں ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سپ) کے زیر اہتمام ایکسی لینس ایوارڈز 2026 کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں تعلیم، انٹرپرینیورشپ، بزنس انوویشن اور سماجی خدمات کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔
تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مجموعی طور پر 31 ایوارڈز دیے گئے۔ قائداعظم یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی، پی آئی ای اے ایس، کامسیٹس، یو ای ٹی لاہور اور جی سی یونیورسٹی فیصل آباد سمیت مختلف جامعات کے سربراہان کو اکیڈمک ایکسی لینس ایوارڈز سے نوازا گیا۔
انٹرپرینیورئل ایکسی لینس ایوارڈز بھی تعلیم، کاروبار اور سماجی خدمات کے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو دیے گئے، جبکہ ایپ سپ لیگیسی اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز بھی پیش کیے گئے۔
تقریب سے خطاب میں مقررین نے اعلیٰ تعلیم، تحقیق، کاروباری جدت اور سماجی خدمت کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کی خدمات کو سراہا اور نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے کامیاب افراد کو رول ماڈل قرار دیا۔