پاکستان، ملائیشیا میں سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط

09:37 PM, 21 Aug, 2026

پاکستان، ملائیشیا میں سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط
پاکستان، ملائیشیا میں سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے اور سیکیورٹی کے شعبے میں روابط بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سزایافتہ افراد کی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتو سری سیف الدین نسوتیون اسماعیل اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے دستخط کیے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشین وزیر داخلہ کا خیرمقدم کیا اور ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم کی صحت کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

دونوں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے اور پاکستان ملائیشیا برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں