تعلیم اور انڈسٹری کا خلا ختم کرنا ہوگا، نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں: گورنر پنجاب

08:17 PM, 21 Aug, 2026

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور ٹیلنٹ کے حوالے سے ملک میں کوئی کمی نہیں، تاہم یونیورسٹیوں اور انڈسٹری کے درمیان موجود خلا ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

ایپ سپ ایکسیلینس ایوارڈز 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبد الرحمان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی شعبہ تعلیم سے وابستہ اہم شخصیات کو ایک جگہ اکٹھا کیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ خود ایک سیاستدان ہیں اور ان کی موجودگی یہاں اسی حیثیت سے ہے، جبکہ تقریب میں شریک وائس چانسلرز اور ریکٹرز کئی دہائیوں کے تعلیمی تجربے کے حامل ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر نیاز اور ڈاکٹر اقرار کی گفتگو کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیمی شعبے میں بہتری آ رہی ہے، تاہم ابھی مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ یونیورسٹیوں اور انڈسٹری کے درمیان فاصلے کو ختم کرنے کے لیے تعلیمی ماہرین اور صنعت سے وابستہ افراد کو مل بیٹھنا ہوگا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ انڈسٹری کو کن مہارتوں کے حامل نوجوانوں کی ضرورت ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے بنیان مرصوص آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی ماہر نوجوانوں نے بھارت کو شکست دی اور پوری دنیا اس کامیابی پر حیران ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ معلوم کرنا چاہیے کہ ان باصلاحیت نوجوانوں نے کہاں سے تعلیم حاصل کی تاکہ ایسے مزید ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا سکے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ان کے پاس آنے والے تقریباً 80 فیصد معاملات میں ڈاکٹرز کے بیرون ملک جا کر واپس نہ آنے کا مسئلہ سامنے آتا ہے۔ ان کے مطابق ڈاکٹرز اور ماہرین پاکستان کا سرمایہ تو واپس کرتے ہیں لیکن خود وطن واپس نہیں آتے، جو نظام کی بڑی کمزوری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قابل وائس چانسلرز موجود ہیں جنہوں نے اپنے اداروں کو کامیاب بنایا، لیکن پبلک سیکٹر کے پاس مطلوبہ فنڈنگ نہیں ہے۔ تعلیم کو ملکی ترجیحات میں اولین مقام دینا ہوگا۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں پاکستان کی وجہ سے عزت دی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں تعلیم اور صحت کے شعبے مزید بہتر ہوں۔

مزیدخبریں