دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 49 دہشت گرد ہلاک

06:15 PM, 21 Aug, 2026

راولپنڈی : ملک میں دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ آپریشنز کے دوران 49 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر کے اضلاع میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں، جن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد کرکے تباہ کیا گیا، جبکہ آئی ای ڈی ڈیٹونیٹنگ ریموٹس، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور کے اضلاع میں بھی دہشت گردوں کے خلاف 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 37 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، دھماکہ خیز ڈرمز اور ریموٹ ڈیٹونیشن آلات برآمد کیے گئے، جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی کلیئر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ مختلف علاقوں میں سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں تاکہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں