راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، صوبے میں پائیدار امن و استحکام معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی صورتحال، امن و امان اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان باصلاحیت، پُرعزم، محب وطن اور باوقار عوام کی سرزمین ہے۔ واضح قومی بیانیہ اور پائیدار امن و استحکام صوبے کی معاشی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن و استحکام کے نتیجے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور بلوچستان کے وسائل کو عوامی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔ صوبے کے نوجوان باصلاحیت اور ملک کا متحرک طبقہ ہیں، انہیں بااختیار بنانا اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ دشمن عناصر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرکے ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ریاست کے غیرمتزلزل، پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے ایسے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
بلوچستان میں امن و استحکام سے ترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
09:29 AM, 21 Aug, 2026