راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحرشمشاد مرزا نے ازبکستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر شوکت مرزیایوف، وزیر دفاع میجر جنرل شوخرات کھولموخامیدوف اور نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل وکٹر محمودوف سے ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں میں عالمی اور علاقائی سیاسی و سلامتی کے بدلتے ہوئے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں اطراف نے دفاع، سلامتی، سڑک اور ریلوے کنیکٹیویٹی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ازبکستان کے ساتھ پاکستان کے گہرے اور بھائی چارے کے رشتے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔
ازبک قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور دہشتگردی کے خلاف ان کی قربانیوں کو سراہا۔ دونوں ملکوں نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا عہد کیا۔