چین کی ہمسایہ دوستی میں پاکستان کا مقام سب سے بلند رہے گا: چینی وزیر خارجہ

09:03 PM, 21 Aug, 2025

اسلام آباد: چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ پاکستان کو چین کی ہمسایہ پالیسی میں خصوصی مقام حاصل ہے، اور بیجنگ اسلام آباد کو ایک قابل اعتماد، قریبی اور پائیدار شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین تعلقات کو ایک نئی جہت دینے کے لیے دونوں ممالک کی قیادت باہم تعاون بڑھا رہی ہے۔

یہ گفتگو انہوں نے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات کے دوران کی، جہاں اقتصادی شراکت داری، سی پیک کے دوسرے مرحلے، خطے میں امن، اور مشترکہ تعاون جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔

وانگ ژی نے کہا کہ عالمی تجارتی نظام کے تحفظ کے لیے دونوں ممالک کو مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیجنگ سی پیک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور سائبر سیکیورٹی میں معاونت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے سازگار، محفوظ اور شفاف ماحول برقرار رکھے گا۔

انہوں نے پاکستان کے صنعتی، زراعتی اور معدنی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

بعد ازاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں وانگ ژی نے پاکستان کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ہم آہنگی، اعتماد اور دوستی پر مبنی ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و ترقی کے لیے یکساں وژن رکھتے ہیں۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاک چین تعلقات پر تفصیلی اور مثبت بات چیت ہوئی، جس میں سی پیک سمیت باہمی دلچسپی کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کے لیے حمایت کو سراہا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ دونوں ممالک مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز، بشمول اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے اور سی پیک فیز ٹو، عوامی سطح پر رابطوں اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزیدخبریں