اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ضمانت مل جانا کیس کے فیصلے کا ثبوت نہیں، لوگ خود کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 190 ملین پاؤنڈ کے کرپشن کیس میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، جس میں واضح شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی اپنی صفائی میں ناکام رہے اور اربوں روپے کی پراپرٹی ٹائیکون کو دیے جانے کے حوالے سے کوئی معقول جواب نہیں دے سکے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ضمانت ملنے پر خوشی منانا مناسب نہیں کیونکہ یہ سزا کا متبادل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور لوگ سمجھیں کہ ضمانت اور بریت میں فرق ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی ہوئی تھی اور اس کیس کی تحقیقات جاری ہیں، جس میں عدالت نے واضح طور پر جرم تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 190 ملین پاؤنڈ کا گھپلا بند لفافے کی کابینہ کی منظوری سے کیا گیا۔