کراچی :ایم اے جناح روڈ پر واقع صدر سیون ڈے سی بریز پلازہ کے قریب پٹاخوں کے گودام میں زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
کراچی میں پٹاخوں کے گودام میں دھماکے سے 34 افراد زخمی ہو گئے۔ 20 زخمیوں کو جناح ہسپتال 14 کو سول منتقل کیا گیا، جبکہ جناح میں زیرعلاج 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق دھماکہ آتش گیر مواد کی وجہ سے ہوا۔ فائر بریگیڈ کی 10 سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، جن میں کے ایم سی کے فائر ٹینڈرز، ایک باؤزر اور اسنارکل بھی شامل ہے۔ دھوئیں کے باعث ریسکیو ٹیموں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق متاثرہ افراد کو سول اور جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں زیادہ تر کو شیشے لگنے سے چوٹیں آئیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ گودام کے لائسنس کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ اگر غیر قانونی ثابت ہوا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور زخمیوں کی فوری امداد اور مکمل تفتیش کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے تمام شواہد، عینی شاہدین کے بیانات اور گودام کی قانونی حیثیت کو تفتیش کا حصہ بنایا جائے۔