وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹوکیو کی نائب گورنر ماتسوموتو آکیکو سے ملاقات

06:05 PM, 21 Aug, 2025

ٹوکیو :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے دارالحکومت میں ٹوکیو کی نائب گورنر ماتسوموتو آکیکو سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خواتین کی قیادت، اور شہری ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب گورنر آکیکو نے مریم نواز شریف کو پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی، جس پر مریم نواز نے بھی انہیں ٹوکیو کی پہلی خاتون نائب گورنر بننے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی سرکاری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی شمولیت اور قیادت نہ صرف دونوں معاشروں کی قدر مشترک ہے بلکہ مستقبل کی ترقی کا اہم جزو بھی ہے۔

ملاقات میں پاکستان، خاص طور پر پنجاب اور جاپان کے درمیان باہمی تعاون کے امکانات پر بات ہوئی۔ انفراسٹرکچر، صاف پانی، قابلِ تجدید توانائی اور شہری سہولیات جیسے شعبوں میں جاپانی تجربات سے استفادے کی خواہش ظاہر کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے "ستھرا پنجاب" پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو ٹوکیو کی مشہور ’کلین اتھارٹی‘ کی طرز پر ڈھالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کئی انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جب کہ عوامی سہولت، ماحولیاتی بہتری اور سرسبز پنجاب کی طرف پیش رفت جاری ہے۔

انہوں نے جاپان کو ایک ایسی ریاست قرار دیا جو ترقی اور سماجی اقدار کا قابلِ رشک امتزاج ہے، اور کہا کہ پنجاب، جاپان کے ماڈلز سے سیکھ کر عوامی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔قبل ازیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ٹوکیو میٹروپولیٹن آفس آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

مزیدخبریں