پاکستان اور چین کا ہر سطح پر تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم

02:54 PM, 21 Aug, 2025

اسلام آباد : پاکستان اور چین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والے چھٹے پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی ہم منصب وانگ ژی نے خطے میں امن، ترقی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات برادری اور اعتماد پر مبنی ہیں، اور ہر شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں سی پیک فیز ٹو، عوامی روابط اور وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے سی پیک، اقتصادی و تجارتی تعاون اور عوامی روابط کو وسعت دینے پر اتفاق کا ذکر کیا اور وزیراعظم پاکستان کے دورہ بیجنگ کے لیے تیاری کی خواہش ظاہر کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق، ڈائیلاگ میں پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور اہم علاقائی و عالمی معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔

مزیدخبریں