وزیراعظم شہباز شریف کا مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال پر سیاسی رہنماؤں سے رابطہ

12:00 PM, 21 Aug, 2025

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب کی صورت حال کے پیش نظر مختلف سیاسی رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری سے بات چیت کرتے ہوئے کراچی اور جنوبی سندھ میں ہونے والی شدید بارشوں، سیلاب اور جانوں کے نقصان پر گہرا افسوس ظاہر کیا اور سندھ حکومت کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کے چیئرمین کو ہدایت دی کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں، صوبائی انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کریں اور عوام کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کریں۔

شہباز شریف نے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان اور وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے بھی بات چیت کی۔ حافظ نعیم سے خیبرپختونخوا میں بارشوں کے نقصانات اور امدادی کاموں پر بات ہوئی، جبکہ ڈاکٹر خالد کے ساتھ سندھ میں جاری صورتحال اور آئندہ بارشوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر امدادی اداروں کی خدمات کو بھی سراہا اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے وفاقی اداروں کی مکمل تیاری کا یقین دلایا۔

مزیدخبریں