وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپانی کمپنی موریناگا کو پنجاب میں ڈیری سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی

01:25 PM, 21 Aug, 2025

ٹوکیو : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی شہرت یافتہ جاپانی کمپنی موریناگا انٹرنیشنل کو پنجاب میں ڈیری اور گوشت کی صنعت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موریناگا کی جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی پنجاب کے ڈیری سیکٹر کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔

مریم نواز شریف نے کمپنی کے ہیڈکوارٹر اور پلانٹ کا دورہ کیا اور اس موقع پر بچوں کی غذائیت، بیکری مصنوعات اور برآمدی معیار کے گوشت کی مقامی پیداوار کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ڈیری سیکٹر کو جدید بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی اور جاپانی کمپنیوں کو خوش آمدید کہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موریناگا کی شراکت داری سے پنجاب کی 63 فیصد آبادی کو زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبے میں فائدہ ہوگا، اور شیخوپورہ میں ان کی سرمایہ کاری پنجاب اور جاپان کے مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کے ڈیری سیکٹر کو اب قدیم طریقوں سے باہر نکل کر جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ معیار اور پیداوار دونوں میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے فارمولہ دودھ بہت اہم ہے، اور ماں کی حیثیت سے بچوں کی صحت ان کے لیے اولین ترجیح ہے۔

مزیدخبریں