ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی، سندھ میں تعلیمی ادارے بند، بلوچستان میں طغیانی کا خدشہ

09:56 AM, 21 Aug, 2025

اسلام آباد: ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے تحت آج اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کشمیر کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، مری، لاہور، وزیر آباد، سرگودھا اور گوجرانوالہ میں بارش کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی اور لکی مروت سمیت کئی دیگر علاقوں میں بھی بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر جنوبی بلوچستان میں بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی میں حالیہ شدید بارشوں کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خراب موسم اور مزید بارشوں کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت نے صوبے بھر میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ بچوں کی حفاظت کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں