پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کا چھٹا سٹریٹجک ڈائیلاگ، دوستی مزید مضبوط کرنے پر اتفاق

10:18 AM, 21 Aug, 2025

اسلام آباد: چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں آج اُن کی ملاقات نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے چھٹے پاکستان-چین وزرائے خارجہ سٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، معاشی تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر گفتگو کی گئی۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ ڈائیلاگ دونوں ملکوں کے درمیان قریبی سفارتی تعلقات اور اعتماد کا تسلسل ہے۔ ملاقات میں خاص طور پر پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کے اگلے مرحلے یعنی "سی پیک ٹو" پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ اس کے تحت موجودہ منصوبوں کی تکمیل اور نئے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک نے دفاعی، تجارتی، اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ چینی وزیر خارجہ کے اس دورے کو اس لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ وہ اس سے پہلے بھارت کے دورے پر تھے، اور حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے تناظر میں چین کی خطے میں متوازن سفارت کاری کو خاص نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال یہی سٹریٹجک ڈائیلاگ بیجنگ میں منعقد ہوا تھا، جہاں انہی دونوں وزرائے خارجہ نے اس کی مشترکہ صدارت کی تھی۔ اس تسلسل سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان اور چین اپنے دیرینہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

مزیدخبریں