سلامتی کونسل کی دہشت گرد فہرست میں صرف مسلمان کیوں؟ پاکستان کا اقوام متحدہ سے سخت سوال

09:41 AM, 21 Aug, 2025

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایک اہم سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تمام افراد مسلمان کیوں ہیں؟ کیا دنیا میں صرف مسلمان ہی دہشت گرد ہیں؟ یہ بات کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہرا معیار ہے کہ غیر مسلم دہشت گرد اکثر بچ نکلتے ہیں اور ان کا نام کسی فہرست میں شامل نہیں ہوتا، جبکہ مسلمانوں کو فوراً نشانہ بنایا جاتا ہے۔ یہ رویہ انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے اور اسے تبدیل کرنا ہوگا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)، اور مجید بریگیڈ جیسے گروہ پاکستان اور پورے خطے کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ ان تنظیموں کو افغان سرزمین پر پناہ ملی ہوئی ہے، جہاں وہ پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ افغان عبوری حکومت داعش خراسان کے خلاف اقدامات کر رہی ہے، مگر دیگر دہشت گرد گروہ اب بھی افغانستان کے غیر حکومتی علاقوں میں محفوظ بیٹھے ہیں۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ دہشت گردی کے خلاف اپنی پالیسیوں میں مذہبی تعصب ختم کرے اور تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف یکساں اور منصفانہ کارروائی کو یقینی بنائے۔

مزیدخبریں