اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ایران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اسلام آباد امن مذاکرات میں شرکت کے لیے تہران کے باضابطہ جواب کا منتظر ہے۔
وفاقی وزیر عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری اپنے بیان میں حکومتِ پاکستان کے سفارتی وژن کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بطور ثالث اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے اور ایرانی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے سفارتکاری اور مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
عطا تارڑ کے مطابق پاکستان نے ایرانی قیادت کو مذاکرات کے دوسرے دور میں شرکت کے لیے مخلصانہ کوششیں کی ہیں جو اب بھی جاری ہیں۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے ایرانی وفد کے حتمی اور باضابطہ جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مکالمے کی پالیسی پر سختی سے کاربند ہے۔
سیاسی مبصرین عطا تارڑ کے اس بیان کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دے رہے ہیں، کیونکہ یہ خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان کے کلیدی سفارتی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ ایرانی وفد کی شرکت سے امن عمل میں بڑی پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔