کیلیفورنیا: واٹس ایپ کی جانب سے ایک نیا سبسکرپشن پر مبنی فیچر “واٹس ایپ پلس” آزمائشی طور پر پیش کیا جا رہا ہے، جو فی الحال اینڈرائیڈ بیٹا ورژن کے مخصوص صارفین تک محدود ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس نئے پریمیم سسٹم میں کئی ایسے فیچرز شامل ہوں گے جن کے استعمال کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنا لازمی ہوگا۔ یہ تمام سہولیات ابھی ٹیسٹنگ مرحلے میں ہیں اور مرحلہ وار متعارف کرائی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق “واٹس ایپ پلس” کے صارفین کو خصوصی اسٹیکرز، ایپ کی تھیمز اور آئیکونز کو اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کرنے جیسی اضافی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ صارفین 20 چیٹس کو پن کرنے، مخصوص رابطوں کے لیے خصوصی رنگ ٹونز سیٹ کرنے اور ذاتی نوعیت کی چیٹ لسٹس بنانے کے قابل ہوں گے۔ مزید جدید آپشنز بھی اس پریمیم سروس میں شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اگرچہ ابھی تک باضابطہ فیس کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم رپورٹس کے مطابق پاکستان میں اس سبسکرپشن کی ممکنہ ماہانہ قیمت تقریباً 229 روپے ہو سکتی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ میٹا کی جانب سے واٹس ایپ کے بنیادی فیچرز جیسے میسجنگ، وائس کالز اور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو بدستور مفت رکھا جائے گا اور یہ کسی بھی پریمیم پلان کا حصہ نہیں ہوں گے۔
مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انسٹاگرام کے لیے بھی اسی نوعیت کا “انسٹاگرام پلس” فیچر زیرِ غور ہے جس میں اضافی پریمیم سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق کمپنی مستقبل میں اس سروس کے لیے صارفین کو ایک ماہ کے مفت ٹرائل کی سہولت بھی فراہم کر سکتی ہے۔