پی ایس ایل11: لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے ہرادیا

07:00 PM, 21 Apr, 2026

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایک دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے شکست دے کر اہم دو پوائنٹس اپنے نام کر لیے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز اسکور کیے۔ ٹیم کی جانب سے فخر زمان نے جارحانہ اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 103 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ چارتھ اسالنکا نے 31 جبکہ ڈینیئل سیمز نے 18 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے خلیل احمد نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز تک محدود رہی۔ ٹیم کی جانب سے رائلی روسو نے 62 اور شامل حسین نے 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کی بولنگ لائن نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی۔ حارث رؤف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی، عبید شاہ، سکندر رضا اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس فتح کے بعد لاہور قلندرز نے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن سنبھال لی ہے۔ ٹیم کے 8 میچز میں 8 پوائنٹس ہیں۔ دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9 میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے جبکہ پشاور زلمی 15 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے۔
 
 
 

مزیدخبریں