امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں وفد کی پاکستان روانگی، ایران کے ساتھ 'میگا مذاکرات' کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع

01:21 PM, 21 Apr, 2026

اسلام آباد/واشنگٹن : مشرقِ وسطیٰ میں جنگی جنون کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں رنگ لے آئیں۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا وفد کچھ ہی دیر میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہو رہا ہے، جہاں کل بروز بدھ ایران اور امریکہ کے درمیان براہِ راست اور فیصلہ کن مذاکرات ہوں گے۔
 ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سیز فائر (جنگ بندی) کی مدت کل ختم ہو رہی ہے۔ وقت کی تنگی کے باعث اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات کو جنگ روکنے کا "آخری موقع" قرار دیا جا رہا ہے۔ تہران نے مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے اور ایرانی وفد کی آج ہی اسلام آباد آمد متوقع ہے، جس سے خطے میں مستقل قیامِ امن کی امیدیں وابستہ ہو گئی ہیں۔
 نائب صدر جے ڈی وینس کا اس مشن کی قیادت کرنا ظاہر کرتا ہے کہ وائٹ ہاؤس اس سفارتی حل کو کتنی اہمیت دے رہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق، دونوں حریف ممالک نے پاکستان کی غیر جانبدارانہ حیثیت اور امن کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد اس وقت عالمی سفارت کاری کا مرکز بن چکا ہے، جہاں نائب صدر جے ڈی وینس کی آمد کے لیے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اگر کل ہونے والے مذاکرات میں سیز فائر کو مستقل معاہدے میں تبدیل کر دیا گیا، تو یہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی سفارتی کامیابی ہوگی۔ عالمی برادری کی نظریں اب اسلام آباد پر جمی ہیں کہ آیا جے ڈی وینس اور ایرانی وفد کے درمیان ہونے والی یہ 'ٹیبل ٹاک' خطے کو ایک بڑے المیے سے بچا سکے گی یا نہیں۔

مزیدخبریں