پاکستان اور روانڈا کے تعلقات میں نئی پیش رفت، اہم معاہدوں پر دستخط

11:33 AM, 21 Apr, 2025

اسلام آباد : پاکستان اور افریقی ملک روانڈا نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت کی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے اور اس حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔

روانڈا کے وزیر خارجہ اولیورجین پیٹرک ندوہنگرے دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے، جہاں دفتر خارجہ آمد پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی ہوئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، روانڈا کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملک معاشی، تجارتی اور عالمی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیکسٹائل، چاول اور دیگر اشیاء میں عالمی شہرت رکھتا ہے اور روانڈا کی ترقی کرتی ہوئی معیشت میں بھی مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔

روانڈا کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ یہ ان کا پہلا دورہ ہے اور یہاں کی قیادت سے بہت مفید بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں کو فروغ دے کر تعلقات کو مزید مستحکم بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات قائم ہیں اور تجارتی حجم بڑھانے کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان اور روانڈا عالمی امن مشن میں بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

ملاقات کے بعد ایک باضابطہ تقریب میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔ یہ معاہدے مستقبل میں تعلیم، تجارت، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کی راہیں کھولیں گے۔

مزیدخبریں