یمن: امریکی فضائی حملے میں 12 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

11:15 AM, 21 Apr, 2025

صنعاء : یمن کے دارالحکومت صنعا پر امریکی فضائی حملے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 30 کے قریب زخمی ہو گئے۔ حوثی باغیوں کی وزارت صحت کے مطابق، یہ حملہ اتوار کی رات صنعا کے ایک مصروف بازار اور رہائشی علاقے پر کیا گیا، جہاں اس وقت عام شہری موجود تھے۔

تاہم یہ حملے محض صنعا تک محدود نہیں رہا امریکی فورسز نے مارب، الحدیدہ اور صعدہ میں بھی فضائی کارروائیاں کیں، تاہم ان علاقوں میں ابھی تک جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

امریکہ گزشتہ ایک ماہ سے یمن میں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر حملے کر رہا ہے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ حملے حوثی باغیوں کے خلاف ہیں، تاکہ وہ خلیجی پانیوں میں بین الاقوامی جہازوں پر حملے نہ کر سکیں۔

یاد رہے کہ چند دن قبل راس عیسیٰ آئل پورٹ پر ایک بڑے حملے میں 80 افراد مارے گئے تھے اور 150 زخمی ہوئے تھے، جس پر بھی شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ دوسری طرف، حوثی گروپ بھی خاموش نہیں بیٹھا۔ وہ نہ صرف امریکی جنگی جہازوں کو نشانہ بنا چکے ہیں بلکہ اسرائیل پر بھی حملے کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ وہ غزہ کے فلسطینی عوام سے یکجہتی کے طور پر کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں