اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں سیاسی جماعتوں کے احتجاج اور دھرنے سمجھ سے بالاتر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ احتجاج اور دھرنوں کے باعث ملکی معیشت کو یومیہ 120 ارب روپے کا نقصان ہوسکتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام بڑی مشکل سے حاصل کیا گیا ہے، اس لیے معاشی سرگرمیوں میں تعطل سے کاروباری معاملات شدید متاثر ہوتے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ احتجاج اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ کا سب سے زیادہ اثر دیہاڑی دار طبقے پر پڑتا ہے۔ پائیدار معاشی استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور انہیں امید ہے کہ ملک کے معاشی سفر میں مزید بہتری آئے گی۔