شاہ زیب رند نے میامی میں ایک ہی رات میں تین ناک آؤٹس کے ساتھ ٹائٹل جیت لیا

02:43 PM, 20 Sep, 2026

میامی: پاکستان کے سٹار فائٹر شاہ زیب رند نے امریکا کے شہر میامی میں منعقدہ ’دی ہیلو: 8 مین ٹورنامنٹ‘ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی رات میں تینوں فائٹس ناک آؤٹ کے ذریعے جیت لیں اور چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔

155 پاؤنڈ لائٹ ویٹ کیٹیگری کے اس ٹورنامنٹ میں 8 فائٹرز نے حصہ لیا۔ شاہ زیب رند نے کوارٹر فائنل میں نک لونگوریا کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل اور فائنل میں بھی ناک آؤٹ کامیابیاں حاصل کیں۔

یہ شاہ زیب رند کی حالیہ کامیابیوں میں ایک اور اہم اضافہ ہے۔ اس سے قبل وہ سنگاپور میں کیرٹی کومبیٹ KC-49 کا ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں، جہاں انہوں نے فائنل میں برازیل کے برونو رابرٹو ڈی اسس کو شکست دی تھی۔

شاہ زیب رند میکسیکو سٹی میں کیرٹی کومبیٹ 44 کے دوران پیرو کے مارکو کیوباس کو صرف 21 سیکنڈ میں فلائنگ نی کے ذریعے ناک آؤٹ کرچکے ہیں۔ وہ سابق تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن ایڈگرز اسکریورز کے خلاف بھی ناک آؤٹ فتح حاصل کرچکے ہیں۔

2023 میں رند نے بیئر نیکل ایم ایم اے میں کارلوس گویرا کو ناک آؤٹ کرکے بھی کامیابی حاصل کی تھی۔

ووشو اور کک باکسنگ میں شاہ زیب رند کا مجموعی ریکارڈ 75 فتوحات اور 4 شکستوں پر مشتمل ہے۔ پاکستانی فائٹر کے مطابق انہوں نے اپنی تربیت کے دوران یوٹیوب پر دستیاب ویڈیوز سے بھی خاصا استفادہ کیا۔

مزیدخبریں