اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت نے بجلی کی خریداری کے حوالے سے نئے نظام کی جانب پیش رفت شروع کردی ہے، جس کے تحت بجلی پیدا کرنے والے اور بڑے صارفین براہِ راست بجلی کی خرید و فروخت کرسکیں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ حکومت بجلی کی خریداری سے عملی طور پر باہر ہو رہی ہے۔ نئے نظام کے تحت بجلی پیدا کرنے والے ادارے اور بجلی استعمال کرنے والے صارفین آپس میں براہِ راست لین دین کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ نظام کا نفاذ ابتدائی طور پر صنعتی اور بڑے بجلی صارفین سے کیا جائے گا۔ ان کے مطابق بجلی کی خرید و فروخت کے عمل میں شفافیت بڑھنے سے صارفین کو کم قیمت پر بجلی دستیاب ہونے کے امکانات پیدا ہوں گے۔
اویس لغاری نے کہا کہ عوام کو سستی بجلی کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، جبکہ آئندہ 5 سال کے دوران 800 میگاواٹ بجلی کی نیلامی کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 400 میگاواٹ بجلی نیلامی کیلئے پیش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے سالوں میں ملک میں بجلی کی باقاعدہ منڈی قائم ہوگی، جس کے تحت عام صارف کو بھی اپنی ضرورت کے مطابق بجلی خریدنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
وفاقی وزیر کے مطابق بجلی کی خرید و فروخت کا نیا نظام شفافیت پر مبنی ہوگا، جس سے بجلی کے شعبے میں مسابقت اور صارفین کے لیے انتخاب کے مواقع بڑھیں گے۔