اسحاق ڈار جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک پہنچیں گے

11:48 AM, 20 Sep, 2026

 اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد سے نیویارک روانہ ہوگئے۔

 اسحاق ڈار 21 سے 25 ستمبر تک وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس اور مختلف سفارتی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔

 وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم کشمیر کے معاملے پر او آئی سی رابطہ گروپ کے اجلاس میں شریک ہوں گے اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کریں گے۔ وہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس سمیت دیگر اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔

 اسحاق ڈار فلسطین کے معاملے پر ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں بھی شریک ہوں گے، جن میں آٹھ عرب و اسلامی ممالک کے گروپ کا اجلاس اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی اتحاد کا وزارتی اجلاس شامل ہے۔

 وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم مصنوعی ذہانت کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اعلیٰ سطحی بریفنگ سے خطاب کریں گے۔ وہ وبائی امراض سے بچاؤ، تیاری اور ردعمل سے متعلق اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

 اسحاق ڈار اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کے علاوہ مختلف ممالک کے ہم منصب وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

 وزارت خارجہ کے مطابق دورے کے دوران پاکستان علاقائی و عالمی امن، استحکام اور اہم بین الاقوامی چیلنجز سے متعلق اپنا مؤقف پیش کرے گا۔

مزیدخبریں