دادو/ٹھٹھہ:دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جس کے باعث دادو کے کچے کے متعدد دیہات سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور مویشیوں کے چارے کی کمی ہو گئی ہے، جبکہ مختلف بیماریوں کا بھی خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ٹھٹھہ کے سجاول کے مقام پر دریائے سندھ کا سیلابی پانی 3 لاکھ 6 ہزار کیوسک کی رفتار سے سمندر کی جانب بہہ رہا ہے، جس سے کچے کے علاقے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 41 ہزار، اور سکھر بیراج پر 4 لاکھ 20 ہزار کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
گڈو بیراج پر سیلابی پانی کی شدت میں کچھ کمی آئی ہے، اور بہاؤ 3 لاکھ 19 ہزار کیوسک تک گر گیا ہے۔حکام نے عوام کو سیلابی علاقوں سے دور رہنے اور حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔