پاک افغان سرحد اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں کھلنے کا امکان

09:19 PM, 20 Oct, 2025

اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی بندش کے بعد دونوں ممالک کے حکام نے اس بات پر اصولی اتفاق کر لیا ہے کہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں سرحد کھول دی جائے گی، بشرطیکہ کوئی نیا تنازعہ نہ ہو۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔

چمن میں اسپین بولڈک میں پھنسے ہوئے خالی ٹرکوں کا پاکستان میں داخلہ شروع ہو چکا ہے، اور افغانستان جانے والے ٹرک بھی واپس افغان سرزمین پر پہنچ گئے ہیں۔ طورخم بارڈر کے کھولنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اور کسٹم اسٹاف کو فوری طور پر طورخم ٹرمینل پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کارگو گاڑیوں کی کلیئرنس کا عمل جلد شروع ہو سکے۔

بلوچستان میں چمن اور خیبر پختونخوا میں غلام خان اور انگوراڈا بارڈر آج نویں روز بھی بند ہیں، جس کے نتیجے میں تجارت اور پیدل آمدورفت معطل ہے۔ اس کے باعث دونوں طرف سیکڑوں ٹرک پھنسے ہوئے ہیں، جن میں پھل اور سبزیاں خراب ہونے کا خدشہ ہے۔

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے، اور اگر اس مسئلے پر قابو نہ پایا گیا تو یہ خطے کے امن کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے دہشت گردی کے مسئلے کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست تصادم تک کی صورت حال پیدا ہو گئی تھی۔

چین اور سعودی عرب نے اس جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔ سعودی عرب نے کہا کہ یہ قدم دونوں ممالک میں کشیدگی کو کم کرے گا، جبکہ چین نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں مزید بہتری کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیش کش کی ہے۔

مزیدخبریں