عدالت نے ڈکی بھائی کی بیوی عروب جتوئی کو بھی شاملِ تفتیش کرلیا

07:25 PM, 20 Oct, 2025

لاہور :  جوئے سے متعلق موبائل ایپ کی تشہیر کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عدالت نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے ساتھ ملوث شریک ملزمہ عروب جتوئی اور ان کے منیجر سبحان کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ڈکی بھائی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے شریک ملزمان کی حاضری کو بھی ضروری قرار دیتے ہوئے 3 نومبر کو دوبارہ سماعت مقرر کر دی۔

واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم کنٹرول ایجنسی (NCCIA) نے سعد الرحمان اور دیگر افراد کے خلاف آن لائن جوئے کی ایپ کی تشہیر میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر مقدمہ درج کیا تھا۔

یہ مقدمہ 17 اگست کو لاہور میں درج کیا گیا، جس میں الیکٹرانک کرائمز ایکٹ کی دفعات 13 (جعلی ڈیجیٹل مواد)، 14 (آن لائن دھوکہ دہی)، 25 (غیر ضروری پیغامات کی ترسیل) اور 26 (جعلی شناخت کا استعمال) شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 294-B (غیراخلاقی مواد کی تشہیر) اور 420 (دھوکہ دہی اور فریب) کے تحت بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں