گورنر پنجاب نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کی منظوری دے دی

یونین کونسل کی سطح پر اختیارات کی منتقلی کا آغاز، بلدیاتی نظام کا نیا ڈھانچہ متعارف

04:30 PM, 20 Oct, 2025

لاہور : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی ملاقات میں سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے گورنر کو بل پر بریفنگ دی اور قانون کی اہم شقوں سے آگاہ کیا۔

نئے ایکٹ کے تحت ہر یونین کونسل کی نمائندگی 13 ارکان پر مشتمل ہو گی، جن میں 9 براہ راست منتخب کونسلرز اور 4 مخصوص نشستیں (خواتین، نوجوان، مزدور اور اقلیت) شامل ہوں گی۔
یونین کونسل میں وارڈ سسٹم ختم کر دیا گیا ہے جبکہ چئیرمین اور نائب چئیرمین کا انتخاب یونین کونسل کے اندرونی ووٹ سے ہو گا۔

بل کے مطابق، تمام منتخب ارکان کو ایک ماہ کے اندر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت لازمی ہوگی۔
بلدیاتی اداروں کی مدت پانچ سال مقرر کی گئی ہے۔

گورنر سردار سلیم حیدر خان نے اس موقع پر کہا کہ "اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنا پیپلزپارٹی کی پہچان ہے، اور بلدیاتی انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔"
انہوں نے امید ظاہر کی کہ بل کے نفاذ سے عوامی نمائندگی اور مقامی ترقی کو فروغ ملے گا۔

مزیدخبریں