کراچی: سندھ حکومت نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی امدادی قیمت 4200 روپے فی من مقرر کی جائے تاکہ کسان کو اس کی محنت کا جائز معاوضہ مل سکے۔ سینئر وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ میں گندم کا نرخ 4200 روپے رکھا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسان خوشحال ہوگا تو گندم کی درآمد کی ضرورت پیش نہیں آئے گی، حکومت کی اولین ترجیح مقامی زراعت کو فروغ دینا اور کسان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہے۔
شرجیل میمن نے ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر سے پہلے مزید 3 سے 4 اضلاع میں پیپلز بس سروس کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دو ماہ میں سندھ میں ٹیکسی سروس بھی شروع کی جا رہی ہے، جبکہ رواں سال 500 مزید بسیں صوبے کے مختلف شہروں کے لیے فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کی پالیسی ہے کہ تمام نئی ٹرانسپورٹ سہولیات بشمول بس، ٹیکسی اور موٹر سائیکل، الیکٹرک ہوں تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے اور شہریوں کو جدید و ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔