پاک افغان تعلقات میں پیش رفت، معطل شدہ تجارتی سرگرمیاں بحال ہوں گی: خواجہ آصف

12:33 PM, 20 Oct, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان معطل شدہ تجارتی سرگرمیاں بحال ہوں گی، جبکہ افغانستان کو دوبارہ پاکستانی بندرگاہیں استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

الجزیرہ عربیہ کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد دونوں ممالک اس نتیجے پر پہنچے کہ دہشت گردی کا خاتمہ کیے بغیر امن ممکن نہیں۔ ان کے مطابق معاہدے کا بنیادی مقصد سرحدی علاقوں میں دہشت گرد نیٹ ورکس کا خاتمہ اور دوطرفہ کشیدگی کم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معاہدے میں قطر اور ترکیہ نے ثالثی کا کردار ادا کیا ہے، اور آئندہ ہفتے استنبول میں ایک اجلاس منعقد ہوگا جس میں معاہدے کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

وزیر دفاع کے مطابق، معاہدے کے تحت افغان شہری جن کے پاس قانونی ویزے اور دستاویزات موجود ہیں، وہ پاکستان میں قیام کر سکیں گے، تاہم غیر قانونی مہاجرین کی واپسی کا عمل جاری رہے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاک افغان سرحد کا استعمال اب باضابطہ اور عالمی اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ آئندہ کسی قسم کی غلط فہمی یا تنازع پیدا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ معاہدہ ایک مثبت قدم ہے، لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ہم مکمل طور پر مطمئن ہیں۔ "عمل درآمد کی رفتار ہی اس کی کامیابی کا تعین کرے گی۔وزیر دفاع نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری، باہمی اعتماد اور خطے میں پائیدار امن کے لیے ایک نیا آغاز ثابت ہوگا۔

مزیدخبریں