سموگ بریفنگ اور مریم اورنگ زیب

09:12 AM, 20 Oct, 2025

گزشتہ دنوں دورحاضر کے بڑے مسائل میں سے ایک اہم مسئلہ ”سموگ“ بھی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست رہا اس سلسلے کی ایک بڑی اورسنجیدہ نوعیت کی بریفنگ سینئر کالم نگاروں اور رپورٹرز کو دی گئی ……جس میں سینئر کالم نگاروں رپورٹرز اینکرز میڈیا پرسنز اورتمام اداروں کے سیکرٹری صاحبان کے علاوہ ڈی جی، ایل ڈی اے، انوائرمنٹ، ہیلتھ، ایجوکیشن ماحولیات ودیگر مقتدر اداروں کے صاحبان نے شرکت کی۔ 
سینئر منسٹر پنجاب مریم اورنگ زیب نے اس بریفنگ کی سربراہی کی اس بریفنگ کی خاص بات مریم اورنگ زیب صاحبہ کی ”انوائرمنٹ“ کے اوپر اس حدتک دسترس تھی ہم عرصہ دراز سے گورنمنٹ آف پنجاب اور فیڈرل کی بریفنگ اٹینڈ کرتے آئے ہیں مگر دل اس لیے بھی خوشی سے باغ باغ ہوگیا کہ پہلی مرتبہ اتنے سنجیدہ موضوع پر پوری ورکنگ، مہارت اورتیکنیکی اہتمام کے ساتھ بریفنگ کا انتظام کیا گیا مریم اورنگ زیب صاحبہ کی پوری تعلیم اور بیرون ملک سے اسناد بھی اسی شعبہ میں ہیں تاہم سیاسی بصیرت کے علاوہ ایک انتہائی مشکل ترین موضوع پر ان کا تمام بیوروکریسی کو بٹھا کر مدلل انداز میں سوال وجواب اور محکموں کی کارکردگی پر براہ راست ان کے سربراہوں سے موقع پر مکالمہ بھی کروایا۔ 
خود مریم اورنگ زیب صاحبہ کی معلومات جدید دنیا اور وہاں سے سموگ کے تدارک کے حوالے سے انتہائی حدتک ہیں جس میں سموگ کے تکنیکی حوالے سے ”پارٹیکلز“ سموگ بننے کا عمل اور اس کے عوامل کے حوالے سے ہے۔ دنیا بھر میں سموگ اور اس کا تدارک اور وطن عزیز میں سموگ اور اس کے عوامل اوراسباب پر ایک ایک محکمے کے سربراہ کو شامل کرکے صحافیوں کو مسائل اور اس کیلئے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
میں اولاً تو اس قدر پڑھی لکھی سمجھدار خاتون منسٹر اور اس کی قابلیت پر ہی مسرور تھی، تاہم ہم سب کو بھی پورے پراسس کا پتہ چلاکہ سموگ میں محض گاڑیاں،  بھٹہ اینٹیں، پرانے وہیکلزاور موسمیاتی بدلاؤ ہی نہیں بلکہ بھارت سے چلنے والے ہوائیں وہاں سے آنے والے دھوئیں کے بادل اور خاص کر کسانوں کا گندم کا برادہ جلانے کا عمل اہم ہے الحمد للہ پنجاب میں تو اس کیلئے سدباب کرلیا گیاہے برادہ جلانے پر پابندی کے علاوہ وہ مشینری فراہم کردی گئی ہے جو اس برادہ کو پراسس کرے گی لہٰذا  دھوئیں والا فیکٹر کافی حدتک قابو میں آجائے گا۔ اس ضمن میں سب سے بڑا قدم پنجاب گورنمنٹ کا محض باتیں کرنے کی بجائے 15اینٹی سموگ گن گاڑیاں خریدنے کا عمل ہے جواب عام شہریوں کو سڑکوں پر نظر آرہی ہیں آج سے پہلے جب محسن نقوی صاحب کی حکومت تھی تب انٹرنیٹ پر یہ مشین اور اس کی کارکردگی دیکھ کر میں نے اپنے کالموں میں استدعا کی تھی کہ پنجاب حکومت یہ ایکویپ منٹ خرید لے۔ 
الحمد للہ کینسر والی مشین جیسے نصب ہوچکی ہے اور مزید کی آمد ہے اسی طرح پنجاب حکومت میں محترمہ مریم نواز + مریم اورنگ زیب کے ہوتے کوئی بھی شعبہ نظرانداز نہیں رہ سکتا وزیراعلیٰ  جو کہتی ہیں وہ اور ان کی ٹیم اسے پورا کرکے چھوڑتی ہے۔ اگر کلچر کے شعبہ کو لے لیں تو محترمہ عظمیٰ بخاری نے خودکو نہ صرف کلچر کی بہتری کیلئے وقف کررکھا ہے مگر اس میں عملاً بہتری لے بھی آئی ہیں وہ یہیں پر نہیں رکیں بلکہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب  مریم نواز کا وژن لوگوں کو پہنچانے اس سے فیضیاب ہونے اور ایک عام شہری کو قانون اور اس کے استعمال سے متعلق پوڈ کاسٹ کا بھی بہترین سلسلہ شروع کررکھاہے انہوں نے انفارمشن چینل بناکر آج کے جمہوری طرز عمل کو مزید شفاف کردیا ہے وہ ایک نمبرجاری کرکے عوامی شکایات خود سنتی ہیں اور ہفتے میں ایک دن لوگوں کو سوالوں کے نہ صرف جواب دیتیں ہیں بلکہ عملاً مسئلے حل بھی کرتی ہیں۔ یہ سچ ہے کوئی سفارش کے بل پر زیادہ دیرنہیں چل سکتاصرف دوچیزیں انسان کوزندہ رکھتی ہیں اول یہ کہ وہ اپنے شعبے کی ضرورت بن جائے دوم وہ اپنے عہدے پر بیٹھ کر مکھی پر مکھی مارنے کی بجائے نت نئے جدید طریقوں  سے خود کو ہم آہنگ کرے اور یہی عظمیٰ بخاری صاحبہ نے کیا ہے انہوں نے قدیم روایات کو جدید طریقوں سے روشناس کرکے عام لوگوں میں نالج شیئر کرنے کے علاوہ روایت کی پاسداری کی بھی حفاظت کی ہے اور یہ سب کرنے کے لیے ظاہر ہے انہوں نے اپنی کیلئے جو چند گھنٹے مختص تھے وہ بھی قربان کردیئے ہوں گے کیونکہ بطور خاتون میں جانتی ہوں ایک خاتون کی ذمہ داریوں میں اس کا گھر کبھی بھی منہا نہیں ہوتا محترمہ مریم نواز ہوں مریم اورنگ زیب یا عظمیٰ بخاری ملک کے ساتھ ساتھ گھر اور اولاد کے فرائض بھی نبھا رہی ہیں یہ آئیڈیل خواتین ہیں اور ثابت کرتی ہیں کہ عورتیں مردوں سے زیادہ کام کرتی ہیں کارگھرداری ہی نہیں کار سرکار بھی پوری نیت سے نبھاتی ہیں پنجاب خوش قسمت ہے کہ اس پر مایہ ناز خواتین حکمران ہوتے ہوئے بھی عام عوام کے درمیان موجود ہیں وہ سیلاب ہوں مصائب یا مسائل یہ اپنے دفتر اٹھاکر غریب عوام کے درمیان بیٹھیں دلاسہ بھی ہیں اور امید بھی خوشی کی بات یہ کہ پنجاب بھی اپنی خواتین کی صلاحیتوں کو پہچانتا اور ان پر نازکرتا ہے۔   

مزیدخبریں